شاہد آفریدی بھارت میں مسلمانوں کے خلاف ہونے والے مظالم پر پھٹ پڑے

282


بھارت خود کو دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک قرار دیتا ہے تاہم ہندوستان میں اقلیتوں خصوصا مسلمانوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے شرمناک سلوک نے بھارت کے مکروہ چہرے سے تمام پردے اتار پھینکے ہیں ،حالیہ دہلی فسادات میں 47 سے زائد مسلمانوں کی شہادت ،سینکڑوں زخمی اور مسلمانوں کی عبادت گاہوں کو ہندو جنونیوں کی جانب سے نذر آتش کئے جانے کے بعد ہر طرف سے مودی سرکار پر لعن طعن کی جا رہی ہے جبکہ عالمی سطح پر بھی دہلی فسادات پر گہری تشویش کااظہار کیا جارہا ہے ۔ایسے میں پاکستان کے معروف کرکٹر شاہد خان آفریدی بھی مسلمانوں کے خلاف ہونے والے مظالم پر خاموش نہیں رہ سکے اور مودی سرکار کے خلاف ایک بار پھرآواز بلند کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی لیجنڈ کرکٹر شاہد خان آفریدی نے بھارت میں مسلمانوں پر مظالم کیخلاف آواز بلند کردی ہے۔شاہد آفریدی نے بھارتی مسلمانوں پر مظالم کیخلاف آواز بلند کرتے ہوئے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئےمسلمانوں کی املاک جلانے کی ویڈیو شیئر کی ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نے اپنی ٹویٹ میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ’’ دیکھنا ہے زور کتنا بازوئے قاتل میں ہے‘‘۔یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے شروع ہونے والے دہلی فسادات میں اب تک 50 افراد جاں بحق جبکہ تین سو سے زائد شدید زخمی ہیں جبکہ انتہا پسند ہندوؤں کی جانب سے مسلمانوں کی درجنوں املاک کو نذر آتش کردیا گیا ہے ،دہلی میں صوررتحال اب بھی انتہائی کشیدہ ہے جبکہ ندی نالوں سے آج ایک لڑکی سمیت تین مسلمانوں کی لاشیں ملی ہیں ۔